گورنر خیبرپختونخوا کل شام 4 بجے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، پشاور ہائیکورٹ کا حکم

منگل 14 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ کل شام 4 بجے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں۔

نئے وزیرِاعلیٰ کی حلف برداری میں تاخیر سے متعلق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی آرٹیکل 255 کے تحت دائر آئینی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے خیبر پختونخوا سیاسی بحران، سہیل آفریدی حلف اٹھا سکیں گے؟

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ اگر گورنر نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لیتے تو اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سہیل آفریدی سے حلف لیں۔

سماعت چیف جسٹس عتیق شاہ کی سربراہی میں بینچ نے کی، جس دوران عدالت نے متعدد بار گورنر خیبرپختونخوا کے مؤقف پر استفسار کیا۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ ہمیں یہ بتائیں گورنر نے اس حوالے سے کیا کہا ہے؟‘

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر سرکاری دورے پر کراچی میں ہیں اور وہ کل فلائٹ کے ذریعے واپس آئیں گے۔ اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ تو کیا وہ کل حلف لیں گے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے علی امین گنڈا پور کو طلب کیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تو ایک الگ معاملہ ہے، ہمیں یہ بتائیں کہ حلف لیں گے یا نہیں؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کل واپس آکر قانونی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

گورنر کے وکیل عامر جاوید نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور کو طلب کرنے کے بعد گورنر کراچی گئے تھے، اور واپسی کے بعد وہ قانون کے مطابق اقدام اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے سے ہی استعفیٰ ہو جاتا ہے، چاہے گورنر منظور کریں یا نہیں۔

گورنر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ابھی یہ کہنا کہ گورنر حلف نہیں لیں گے، قبل از وقت ہے۔

چیف جسٹس نے مزید استفسار کیاکہ کیا کل یہ ممکن ہوگا کہ گورنر حلف لینے کا فیصلہ کریں، نہ کہ استعفیٰ کے معاملے پر فیصلہ کریں؟ علی امین نے تو اسمبلی فلور پر استعفیٰ کی تصدیق کر دی تھی۔

وکیلِ گورنر نے مؤقف اپنایا کہ چونکہ گورنر اس وقت صوبے میں موجود نہیں تھے، وہ کوئی فیصلہ خود دیکھے بغیر نہیں کر سکتے۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دیا اور نئے وزیرِاعلیٰ کو ووٹ بھی دیا۔ گورنر تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، اور امکان ہے کہ وہ کل بھی کوئی نیا راستہ اختیار کر کے معاملہ مؤخر کریں۔

یہ بھی پڑھیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی حلف برداری کا معاملہ، سلمان اکرم راجہ اور لطف الرحمان عدالت پہنچ گئے

عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں فیکٹری میں آتشزدگی

زیتون کا تیل اور ہڈیوں کا سوپ: کیا سوشل میڈیا پر وائرل غذائیں واقعی مؤثر ہیں؟

اسلام آباد مسجد حملہ، بھارت کا اظہارِ افسوس

مکہ مکرمہ میں شہری ترقی کے حالیہ اقدامات نے معیار زندگی مزید بہتر بنادیا

اسلام آباد سانحہ، پی ٹی آئی کا وفاقی حکومت کی ناکامیوں پر استعفوں اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

ویڈیو

اسلام آباد امام بار گاہ میں خود کش دھماکا بھارت کی سرپرستی میں کیا گیا، وزیر مملکت برائے داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

امریکا ایران کشیدگی: سعودی عرب، ترکی اور پاکستان نے واشنگٹن کو کیا پیغام دیا؟

لاہور میں بسنت کے تہوار پر تاریخی جشن

کالم / تجزیہ

پاکستان کا پیچا!

’کشمیر کی جلتی وادی میں بہتے ہوئے خون کا شور سنو‘

مغربی تہذیب کا انہدام!