گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، پہلے بھی کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لوں گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کریں گے اور آج ہی خیبر پختونخوا روانہ ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنے صوبے میں جا کر آئینی ذمہ داری ادا کریں، بلاول بھٹو کا گورنر خیبرپختونخوا کو مشورہ
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے طیارے کے استعمال کے لیے درخواست کی ہے جبکہ ان کا جواب ہائیکورٹ میں جمع کرایا جا چکا ہے۔
بلاول بھٹو سے سرگوشی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کان میں ہونے والی باتیں میڈیا کے سامنے نہیں بتا سکتا۔
گورنر نے زور دے کر کہاکہ وہ ہمیشہ آئین و قانون کی پابندی کے حامی رہے ہیں اور اسی اصول پر عمل پیرا رہیں گے۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حلف سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا کل شام 4 بجے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، پشاور ہائیکورٹ کا حکم
عدالت کے فیصلے کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بدھ کے روز شام چار بجے نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیں۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر گورنر نے اس روز حلف نہیں لیا تو اسی دن صوبائی اسمبلی کے اسپیکر وزیر اعلیٰ سے حلف لیں گے۔