امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف جریدے ٹائم میگزین پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ میگزین نے مشرقِ وسطیٰ میں اُن کی امن کوششوں پر ’نسبتاً اچھی رپورٹ‘ شائع کی، مگر تصویر میں میرے بال ’غائب‘ کر دیے ہیں۔
ٹرمپ نے منگل کے روز اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر لکھا کہ ٹائم میگزین نے میرے بارے میں نسبتاً اچھی خبر لکھی، لیکن تصویر شاید ’تاریخ کی بدترین‘ ہو۔ اُنھوں نے میرے بال غائب کر دیے اور سر پر ایک چھوٹا سا ’تاج‘ سا تیرتا دکھا دیا، جو بہت عجیب ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حماس غیرمسلح ہو جائے ورنہ ہم طاقت کے ذریعے کر دیں گے، ٹرمپ کی پھر وارننگ
العربیہ نیوز رپورٹ کے مطابق یہ تصویر نیچے کے زاویے سے لی گئی ہے، جس میں ٹرمپ کی گردن کی جھلک اور پشت سے روشنی پڑتے بال نمایاں ہیں۔ ٹائم میگزین نے یہ تصویر پیر کے روز پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھے ہمیشہ نچلے زاویے سے تصویریں لینا پسند نہیں رہا، مگر یہ تصویر تو انتہائی خراب ہے، اور اسے سامنے لانا ضروری تھا۔ وہ آخر کر کیا رہے ہیں؟
یاد رہے کہ ٹائم میگزین نے 10 اکتوبر کو شائع ہونے والی رپورٹ میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو ٹرمپ کے لیے سیاسی بحالی کی ایک کوشش قرار دیا تھا۔ اس معاہدے کے نتیجے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی اطالوی وزیراعظم سے فلرٹ کی کوششیں، میلونی نے زبردستی ہاتھ چھڑا لیا، ویڈیوز وائرل
ٹرمپ ماضی میں بھی ٹائم میگزین کی اپنی خبروں اور تصویروں پر گہری نظر رکھتے آئے ہیں۔ جریدہ انہیں 2016 اور 2024 میں پرسن آف دی ایئر (Person of the Year) قرار دے چکا ہے۔













