اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی قتل کیس کے 2 ملزمان ہلاک

بدھ 15 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھانہ نون کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلے کے دوران ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:فیڈرل ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر لینڈ اسلام آباد میں قتل، وزیرِ داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی

پولیس کے مطابق سفاک ملزمان نے کچھ روز قبل بلیو ایریا میں اپنے ساتھیوں کی مدد سے ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی کو قتل اور قیصر اشفاق کو زخمی کیا تھا۔ واردات کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے تھے جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے دوران چیکنگ ملزمان کو تھانہ نون کے علاقے سے گرفتار کیا۔ چیکنگ کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تاہم اہلکار حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔ پولیس نے حکمتِ عملی کے تحت دونوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا۔

تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان عابد یاسین اور ابرار خان نے بلیو ایریا میں قتل اور زخمی کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس ٹیمیں دونوں ملزمان کو ان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جا رہی تھیں کہ اچانک فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

پولیس ٹیمیں فائرنگ سے محفوظ رہیں اور دیگر نفری کو موقع پر طلب کیا گیا۔ فائرنگ رکنے کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران دونوں گرفتار ملزمان کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp