بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں ایک نجی بس میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 21 مسافر جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق جب مسافروں نے بس سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو دروازہ جام تھا۔ بعد ازاں ایک ایکسکاویٹر بلا کر دروازہ توڑا گیا، لیکن تب تک متعدد مسافر جھلس کر ہلاک ہو چکے تھے۔ کچھ مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
یہ بھی پڑھیے: راجستھان: اے ٹی ایم میں بَیل کی انٹری، شہری دنگ رہ گئے
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم حکام نے بتایا کہ بس میں بڑی مقدار میں آتش گیر مواد موجود تھا جس نے شعلوں کو مزید بھڑکایا۔ واقعے کے وقت بس میں 57 مسافر سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ کئی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت سے باہر ہیں، جن کی ڈی این اے ٹیسٹنگ سے شناخت کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسلمیر میں بس میں آگ لگنے کا واقعہ نہایت دل دہلا دینے والا ہے۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ڈھاکہ کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی، کم از کم 16 افراد ہلاک
مقامی رکن اسمبلی پرتاپ پوری کے مطابق بس میں آتش گیر مواد موجود تھا اور اس کا اخراجی راستہ انتہائی تنگ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شارٹ سرکٹ کے ساتھ اے سی سے گیس لیک ہونے نے آگ کو مزید خطرناک بنا دیا۔














