خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن نے سیکنڈری اسکول ٹیچرز (ایس ایس ٹی) کی اسامیوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
کمیشن کے مطابق مختلف مضامین میں ایس ایس ٹی کی مجموعی طور پر 1581 اسامیاں مشتہر کی گئیں، جن کے لیے ایک لاکھ 84 ہزار 583 درخواستیں موصول ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا حکومت کا عمران خان سے وزیر اعلیٰ کی ملاقات کے لیے وفاق اور پنجاب کو مراسلہ
کمیشن کے مطابق درخواست گزاروں سے فیس کی مد میں 18 کروڑ 47 لاکھ 60 ہزار روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔
میل کیٹگری
رپورٹ کے مطابق جنرل ایس ایس ٹی میل کی 575 پوسٹوں کے لیے 59 ہزار 410 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ ایس ایس ٹی بائیو کیمسٹری میل کی 184 اسامیوں کے لیے 20 ہزار 812 امیدوار سامنے آئے۔

اسی طرح ایس ایس ٹی فزکس میل کی 186 نشستوں کے لیے 18 ہزار 425 درخواستیں موصول ہوئیں اور ایس ایس ٹی آئی ٹی میل کی 51 اسامیوں کے لیے 7 ہزار 405 امیدواروں نے درخواست دی۔
فی میل کیٹگری
فی میل کیٹیگری میں جنرل ایس ایس ٹی کی 289 اسامیوں کے لیے 45 ہزار 663 امیدواروں نے حصہ لیا، ایس ایس ٹی بائیو کیمسٹری فی میل کی 79 نشستوں کے لیے 24 ہزار 302 درخواستیں موصول ہوئیں، ایس ایس ٹی فزکس فی میل کی 179 پوسٹوں کے لیے 6 ہزار 470 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ ایس ایس ٹی آئی ٹی فی میل کی 38 اسامیوں کے لیے 2 ہزار 96 امیدوار سامنے آئے۔
پبلک سروس کمیشن کے مطابق تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے جس کے بعد اہل امیدواروں کے لیے امتحانی شیڈول جاری کیا جائے گا۔














