پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر پاکستان اور افغانستان کے معاملے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر رابطہ عالمِ اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ سرحد بھارت کی وجہ سے غیر محفوظ ہو گئی ہے اور پاکستان اور افغانستان کی محبتیں نفرتوں میں بدل گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل عبدالکریم العیسیٰ 9 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
’سعودی عرب اور قطر کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، لیکن ہمیں افسوس ہے کہ ہماری 40 سال کی قربانیوں کا نتیجہ اچھا نہیں نکلا۔‘
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امتِ مسلمہ کے لیے قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور پوری امت کے لیے یکجہتی کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو نشانِ پاکستان دینے کے لیے مشاورت کا آغاز کیا ہے اور ہم بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عیسیٰ کو نشانِ پاکستان دیا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی مرتبہ جب ڈاکٹر عیسیٰ کو اگلی مرتبہ پاکستان آمد پر انہیں نشانِ پاکستان سے نوازا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ رابطہ عالمِ اسلامی دنیا سے اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعمیر و ترقی کے لیے دعا کی اور 3 مرتبہ ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا۔













