سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت ان تمام علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہیں، تاکہ پاکستانی اور افغان عوام امن و ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان سے دہشتگردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، قطر اور ترکیہ کے مشکور ہیں، خواجہ آصف
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب کو امید ہے کہ یہ مثبت قدم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزارتِ خارجہ نے اس موقع پر قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار اور سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا، جنہوں نے جنگ بندی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان کے درمیان طویل تناؤ کے بعد بالآخر قطر میں جنگ بندی (سیز فائر) پر معاہدہ طے پا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک نے ایک دوسرے کی سرزمین کے احترام اور دہشت گردی کے خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔













