وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب بحالی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
تقریب کے دوران دیپالپور کے ایک سیلاب متاثرہ فرد کو 50 ہزار روپے کیش اور اے ٹی ایم کارڈ فراہم کیا گیا۔
تحصیل دیپالپور میں 500 سیلاب متاثرین کو ایک ہی دن میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے چکوال پہنچ گئیں، متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کو تقریب میں فرنٹ پر بٹھانے کی ہدایت کی اور خود بھی انہی کے درمیان بیٹھ گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں، اس موقع پر متاثرہ خواتین نے مالی امداد ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ’شکریہ مریم نواز‘ کے نعرے لگائے۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرین کو جلد از جلد اپنے گھر تعمیر کرنے کی تلقین کی اور ان سے ہونے والے نقصان اور سروے کے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بزرگ خواتین نور بیگم اور زینب بی بی کا ہاتھ پکڑ کر انہیں خود کاؤنٹر تک پہنچایا، بائیو میٹرک تصدیق کے بعد 50 ہزار روپے اور اے ٹی ایم کارڈ ان کے حوالے کیے۔
پنجاب بینک کے فلڈ ڈسپرسمنٹ کیمپ سائٹ پر سیلاب متاثرین کی پرتکلف تواضع کی گئی، جہاں ان کے لیے لنچ، کولڈ ڈرنکس، سنیکس اور جوسز کا انتظام کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا 73 فیصد سروے مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی عمل آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پنجاب بینک کے کارڈ سے 24 گھنٹے کے دوران اے ٹی ایم مشین سے ایک لاکھ روپے تک نکالے جا سکتے ہیں، اس طرح 3 دن میں 3 لاکھ روپے نکالنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
پنجاب بینک کے علاوہ دیگر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں سے بھی روزانہ ایک لاکھ روپے نکلوائے جا سکتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ضلع اوکاڑہ میں سیلاب سے 147 موضع اور 17 ہزار 313 افراد متاثر ہوئے۔
دریائے ستلج اور راوی میں طغیانی سے 691 پختہ مکانات مکمل جبکہ 365 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ اسی طرح 919 کچے مکانات مکمل اور 655 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ضلع اوکاڑہ میں سیلاب سے 80 ہزار 592 ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی جبکہ 2 مویشی ہلاک ہوئے۔ تحصیل اوکاڑہ کے 45، دیپالپور کے 94 اور رینالہ خورد کے 8 مواضعات میں سروے مکمل کر لیا گیا۔
پنجاب کے 27 متاثرہ اضلاع کی 72 تحصیلوں کے 4 ہزار 754 مواضعات میں سے 3 ہزار 474 مواضعات کا سروے مکمل ہو چکا ہے۔
پنجاب بھر میں 4 لاکھ 46 ہزار 697 سروے انٹریز مکمل کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 17 ہزار 347 ایکڑ اراضی اور 1 لاکھ 31 ہزار 309 مکانات متاثر پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کا سروے تیزی سے جاری، ہر فرد کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا
رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 5 ہزار 805 بڑے مویشی اور 2 ہزار 97 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں۔
ڈپٹی کمشنرز نے 2 لاکھ 31 ہزار 791 انٹریز، جب کہ نادرا، پی ایل آر اے اور لائیو اسٹاک محکمے نے ایک لاکھ 3 ہزار 716 انٹریز کی تصدیق اور کاؤنٹر چیکنگ مکمل کی۔
مزید بتایا گیا کہ 71 ہزار 33 سیلاب متاثرین کے پنجاب بینک میں اکاؤنٹس کھول دیے گئے ہیں۔