امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چینی صدر شی جن پنگ سے ایک منصفانہ تجارتی معاہدہ طے پانے کی توقع رکھتے ہیں، اور انہوں نے تائیوان کے معاملے پر کسی بڑی کشیدگی کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چین تائیوان پر حملے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم یہ مسئلہ جنوبی کوریا میں ہونے والی ملاقات کے دوران زیرِ بحث آ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت نے روسی تیل خریدا تو بھاری محصولات برقرار رہیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی بہترین ہے، اور کوئی ہمیں چھیڑنے کی ہمت نہیں کرے گا۔ مجھے لگتا ہے ہم ایک مضبوط تجارتی معاہدہ حاصل کر لیں گے، جس سے دونوں ممالک خوش ہوں گے۔
ادھر امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے چین پر ’اقتصادی دباؤ اور صنعتی بالادستی کی کوششوں‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ واشنگٹن اس کے خلاف مناسب اقدامات کرے گا۔
چین اور امریکا کے درمیان ٹیرف، ٹیکنالوجی، اور مارکیٹ تک رسائی کے تنازعات بدستور برقرار ہیں، جبکہ دونوں رہنما اگلے ہفتے جنوبی کوریا میں ایک اقتصادی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔