آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی خوشحالی کا ضامن، اعلیٰ معیار کا تانبا اور سونا نکلے گا
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جہاں کے عوام نہایت محبِ وطن، باصلاحیت اور باحوصلہ ہیں، جو درحقیقت صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدامات عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
آرمی چیف نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی رہنمائی کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج صوبے میں عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہیں تاکہ تشدد کو ہوا دی جا سکے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور بلوچستان کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔
آرمی چیف نے یہ عزم دہرانے کے ساتھ کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی براہ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ پاکستانی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بہت جلد خوشحالی اور امن کا دور دورہ ہوگا، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کے ایک کھلے اور تفصیلی سیشن پر ہوا۔