گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال کے سائبر نائف اینڈ روبوٹک ریڈیو سرجری ڈیپارٹمنٹ نے کینسر کے علاج میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان پلاسٹک سرجری کی طرف کیوں مائل ہو رہے ہیں؟
ڈیپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ احمد کے مطابق اسپتال میں اب تک ایک ہزار سے زائد مریضوں کا کامیاب علاج جدید سائبر نائف مشین کے ذریعے کیا جا چکا ہے جو جدید روبوٹک ریڈیو سرجری ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور دماغ کے اندر موجود رسولیوں کو نہایت مؤثر طریقے سے ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈاکٹر عائشہ احمد نے بتایا کہ حال ہی میں ایک خاتون مریضہ جنہیں بریسٹ کینسر کے باعث دماغ میں 60 سے زائد چھوٹے چھوٹے نشانات (میٹس) ہو گئے تھے جن کا کامیاب علاج اسی مشین کے ذریعے کیا گیا۔
مزید پڑھیے: بنا انسانی مداخلت روبوٹک سرجری سے پِتّے کا کامیاب آپریشن اہم سنگ میل قرار
اس سے پہلے جاپان میں 30 برین میٹس کے علاج کا عالمی ریکارڈ تھا جو اب پاکستان نے توڑ دیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جو ایک بڑے عالمی میڈیکل جرنل میں شائع بھی ہو چکا ہے۔
چیئرمین گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ اسپتال پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے اس موقعے پر کہا کہ یہ کامیابی ہماری ٹیم کی انتھک محنت، جدید سہولیات اور عوام کے تعاون کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سائبر نائف ٹیم نے ناممکن کو ممکن بنا کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کاسمیٹک سرجری کرانے والی اداکاراؤں کے بارے میں نیلم منیر نے کیا کہا؟
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف شعبہ صحت کے لیے سنگ میل ہے بلکہ ملک کے لیے باعث فخر بھی ہے۔













