عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور ممتاز برطانوی سماجی رہنما جمائمہ گولڈ اسمتھ نے اپنی والدہ کے انتقال کی خبر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے سوشل میڈیا پر دی جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی جیل سے جاری بیان میں ان کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
جمائما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ زندگی کا قدرتی اصول ہے، ہر اس شخص کے ساتھ ہوتا ہے جس کے والدین زندہ ہوں مگر پھر بھی میں ایک ایسی دنیا کا تصور نہیں کر سکتی جس میں ماں موجود نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کا سابق سسرالی خاندان صدمے سے دوچار، جمائما کی والدہ انتقال کرگئیں
انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ 91 برس کی تھیں اور ایک بھرپور زندگی گزار چکی تھیں، پھر بھی ہم سب تیار نہیں تھے، یہ اچانک اور دل دہلا دینے والا صدمہ تھا۔
It’s the natural order of things.
It’s coming down the line for everyone with living parents — and yet, still, I just cannot fathom a world without Mum in it. (“Mum” to everyone, including her 18 grandchildren.)Even though she was 91 and had lived a huge life, we were still… pic.twitter.com/pAU3NOcVJT
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) October 21, 2025
جمائما نے لکھا کہ جیسا کہ ایک دوست نے کہا اس صدمے سے کوئی بچ نہیں سکتا، مائیں بہت بڑی بات ہوتی ہیں، اگر آپ کی مائیں زندہ ہیں تو انہیں قریب رکھیں، ایک گھنٹہ مزید ان کے ساتھ بیٹھیں، فون دور رکھیں اور وہ سب باتیں کہہ دیں جو کہنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: جمائما نے قاسم و سلیمان کو پاکستان آنے سے کیوں روکا؟ وجہ سامنے آگئی
جمائما نے اپنی والدہ کی مزاحیہ طبیعت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آخری لمحات تک وہ شوخ اور ذہین تھیں۔ جب ایک نوجوان ڈاکٹر نے اسپتال میں ان سے بلند آواز اور سست لہجے میں پوچھا ’کیا آپ مجھے سمجھ رہی ہیں؟‘ تو انہوں نے فوراً جواب دیا: ’مجھے معدے کا درد ہے، الزائمر نہیں۔‘
دوسری طرف سابق وزیراعظم عمران خان نے لیڈی اینیبل گولڈ اسمتھ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ مجھے لیڈی اینیبل گولڈ اسمتھ کے انتقال کی خبر آج جیل میں میرے خاندان کی طرف سے ملی، جس سے میں بے حد رنجیدہ ہوں۔
“I am deeply saddened to hear about the passing of Lady Annabel Goldsmith. My family shared this heartbreaking news with me today while I am in prison.
Annabel was a wonderful grandmother to my sons and an exceptionally kind and compassionate person. During my visits to London,…
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 21, 2025
انہوں نے کہا کہ اینیبل ایک شفیق دادی، نہایت مہربان اور ہمدرد خاتون تھیں۔ جب بھی میں اپنے بیٹوں کے ساتھ لندن جاتا تھا، تو ان کے گھر قیام کرتا تھا۔ میری والدہ کے 1985 میں انتقال کے بعد وہ میرے لیے ایک ماں کی طرح بن گئیں۔
عمران خان نے کہا کہ ان کا انتقال ہمارے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ میری دلی ہمدردیاں ان کے تمام بچوں اور پوتے پوتیوں کے ساتھ ہیں۔ وہ ہم سب کو بہت یاد آئیں گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ’اگر میں جیل میں نہ ہوتا تو اپنے بیٹوں سلیمان اور قاسم کے ہمراہ ان کے جنازے میں ضرور شریک ہوتا۔‘














