مدینہ منورہ کی بلدیہ نے ’گرین سٹی انیشی ایٹو‘ کے نام سے ایک نیا ماحول دوست منصوبہ شروع کیا ہے، جس کا مقصد شہر میں سبزہ بڑھانا، فضائی آلودگی کم کرنا اور پائیدار ماحولیاتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی شہروں میں’مدینہ‘ مہمان نوازی میں سرفہرست، قیام کی شرح میں حیران کُن اضافہ
بلدیہ کے مطابق، اس منصوبے کے تحت 21 لاکھ (2.1 ملین) درخت لگائے جائیں گے تاکہ شہر میں سبز رقبہ بڑھایا جا سکے، کاربن کے اخراج میں کمی لائی جائے، درجہ حرارت میں کمی ہو اور شہری منظرنامہ مزید خوبصورت بنے۔
سعودی وژن 2030 اور گرین انیشی ایٹو سے ہم آہنگ منصوبہ
یہ منصوبہ سعودی گرین انیشی ایٹو اور ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سمارٹ درخت ٹیگنگ سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے درختوں کی افزائش اور صحت کی نگرانی ممکن ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے مدینہ منورہ: وژن 2030 کے تحت بہترین اقدامات، زائرین کے قیام کے دورانیے میں دوگنا اضافہ
شہری شرکت اور ماحولیاتی رضاکارانہ خدمات پر زور
منصوبے کے تحت سڑکوں، پارکوں اور رہائشی علاقوں کے اطراف میں درخت لگائے جائیں گے، جبکہ شہریوں کو ماحولیاتی رضاکارانہ سرگرمیوں میں شامل ہونے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ سر سبز و شاداب مدینہ منورہ کی تعمیر ایک اجتماعی کوشش بن سکے۔
اسلامی ورثے کے ساتھ جدید پائیداری کا امتزاج
بلدیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مدینہ کو ایک مثالی سرسبز و شاداب شہر بنانے کی جانب اہم قدم ہے، ایسا شہر جو اپنے اسلامی ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے ماحولیاتی استحکام اور جدید شہری معیار کی مثال بن سکے۔














