وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بحیرۂ عرب میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک کی جانب سے کی جانے والی بڑی کارروائی کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کے جہاز یرموک کا آپریشن 262 ارب کی منشیات برآمد، امیر بحر کی مبارکباد
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور عزم و ہمت کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سمندری حدود کی حفاظت اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے افسران و جوان شب و روز مصروفِ عمل ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک بحریہ کے بہادر افسروں اور جوانوں پر فخر ہے۔ وہ پاکستان کے وقار اور سلامتی کے محافظ ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں قریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کرلیں
وزیرِ اعظم نے پاک بحریہ کی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی امن، سمندری تحفظ، اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ میں اپنا فعال کردار اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھیں۔














