پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے سعودی عرب کی قیادت میں قائم کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت کام کرنے والی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے پلیٹ فارم سے شمالی بحیرۂ عرب میں انسدادِ منشیات کی ایک بڑی کارروائی کامیابی سے انجام دی، جس کے دوران قریباً 262 ارب پاکستانی روپے (972 ملین امریکی ڈالر) مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں قریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کرلیں
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شاندار کامیابی علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، عالمی امن، اور سمندری اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یرموک کے بہادر عملے کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی بحری سلامتی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گی۔
مزید پڑھیں: امریکا کا کیریبین سمندر میں چوتھا فضائی حملہ، 4 مبینہ منشیات فروش ہلاک
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی زیر قیادت مشترکہ ٹاسک فورس میں پی این ایس یرموک کی کامیاب کارروائی دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گی۔














