فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی رپورٹ کے مطابق، قومی اسمبلی کے 25 فیصد ارکان نے 19ویں اجلاس کی کسی بھی نشست میں شرکت نہیں کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 111 ارکان نے تمام نشستوں میں شرکت کی، جبکہ 216 ارکان نے کم از کم ایک نشست سے غیر حاضری اختیار کی۔ ان میں سے صرف 50 ارکان نے رخصت کی درخواست دی، جب کہ 166 بغیر اجازت غیر حاضر رہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم نے کسی نشست میں شرکت نہیں کی اور اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اجلاس کے دوران خالی رہا۔
مزید پڑھیں:پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کیسا رہا؟فافن نے رپورٹ جاری کردی
فافن کا کہنا ہے کہ چار وفاقی وزراء اور ایک وزیرِ مملکت نے مکمل حاضری دی، جبکہ 10 وفاقی وزراء اور 5 وزرائے مملکت کسی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔ سیلاب کی صورتحال پر بحث کے دوران ارکان کی حاضری افسوسناک حد تک کم رہی۔
خواتین ارکان کی حاضری مرد ارکان سے بہتر رہی، 35 خواتین نے تمام نشستوں میں شرکت کی، جبکہ 12 خواتین اور 70 مرد ارکان کسی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔
اسلام آباد کے تمام ارکان نے نصف سے زیادہ نشستوں میں شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے 30، پنجاب کے 56، بلوچستان کے 9 اور سندھ کے 14 ارکان نے مکمل حاضری دی۔
مزید پڑھیں: الیکشن 2024: فافن کی تہلکہ خیز رپورٹ منظر عام پر آگئی
سیاسی لحاظ سے، سنی اتحاد کونسل، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کے اکثر ارکان نے ایک سے زائد نشستوں میں شرکت کی، جبکہ مجلس وحدت المسلمین اور نیشنل پارٹی کے واحد ارکان نے مکمل حاضری دی۔
پی کے میپ کا واحد رکن کسی نشست میں شریک نہیں ہوا۔ فافن کے مطابق، وزراء کی غیر حاضری قومی ذمہ داریوں سے عدم دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔













