پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف اداکار اور موسیکار ہارون شاہد نے گلوکارہ حمیرا ارشد کی جانب سے پاکستان آئیڈل کے ججز پر کی جانے والی تنقید کا سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض افراد صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔
ہارون شاہد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ یہ بحث غیرمعمولی اور بے وقوفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل تشویشناک بات یہ ہے کہ انہیں فواد خان اور بلال مقصود جیسے نامور موسیقاروں کے بارے میں معلوم نہیں ہے۔
What a stupid debate! The fact that she doesn't know about Fawad and Bilal Bhai as musicians is the real alarming thing in all of this. This season of the Idol is doing well and we'll see all these people craving for attention. I love the panel. All bases covered. 👍🏼 https://t.co/Ez2ddxzDtt
— Haroon Shahid (@Haroon_5hahid) October 21, 2025
اداکار نے مزید کہا کہ پاکستان آئیڈل کا موجودہ سیزن بہترین انداز میں جاری ہے اور انہیں ججز کا یہ پینل پسند ہے کیونکہ اس میں ہر پہلو کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے۔ ہارون شاہد نے مزید کہا کہ ایسے افراد توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ سب کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے فواد خان کی پاکستان آئیڈل میں بطور جج شمولیت پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں ایسے فنکار بیٹھے ہیں جن کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں ایسے لوگ جج بن جاتے ہیں جن کا موسیقی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اور ججز کو خود بھی شرم آنی چاہیے کہ جب ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے تو ہمیں اس میں نہیں آنا، ان کو آگے بڑھ کر خود کہنا چاہیے کہ آپ متعلقہ لوگوں کو ہی بطور جج بٹھائیں، ہمیں ساتھ بٹھا لیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان آئیڈل میں ایسے جج بیٹھے ہیں جن کا موسیقی سے تعلق نہیں‘، حمیر ارشد کی فواد خان پر تنقید
حمیرا ارشد نے مزید کہا کہ یہ تو خود توہین کرانے والی بات ہے کہ آپ اپنے پروگرام کا خود مذاق بنا رہے ہیں، شو میں کوئی بچہ کہہ دے کہ اگر میں نے ٹھیک نہیں گایا آپ گا کر دکھا دیں تو جج کیا کرے گا کیا وہ 2 مہینے بعد سیکھ کر آئے گا۔ انہوں ںے مزید کہا کہ ایک بندہ پروگرام میں اتنا برا گا رہا تھا لیکن جج رو رہا تھا۔ ان کے مطابق ایسے پروگرامز میں ان لوگوں کو جج بنایا جانا چاہیے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی موسیقی کے لیے وقف کر دی ہو۔
واضح رہے کہ ان دنوں’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ جاری ہے جس میں فواد خان کے ساتھ راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش ججز کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔














