پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز مقرر کر دیا گیا ہے۔
ان کی یہ تقرری عثمان واہلہ کی سبکدوشی کے بعد عمل میں لائی گئی، جو کافی عرصے سے اس عہدے پر فائز تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شان مسعود ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 27-2025 تک پاکستان کے کپتان برقرار
ذرائع کے مطابق، پی سی بی کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے جمعہ کی شب اسلام آباد میں ایک عشائیے کے دوران شان مسعود کی تقرری کا باضابطہ اعلان کیا۔
Pakistan’s red-ball captain Shan Masood has been appointed Director of International Cricket Operations following the removal of Usman Wahla from the post. pic.twitter.com/uSKPuHPBKW
— Mid Wicket (@Mid_wicket_) October 24, 2025
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پی سی بی اپنے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کر رہا ہے، جن کا مقصد بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا اور آپریشنز کو زیادہ مؤثر انداز میں چلانا ہے۔
شان مسعود، جو حالیہ مہینوں میں بطور ٹیسٹ کپتان نمایاں قیادت دکھا چکے ہیں، اب بورڈ کے فیصلوں میں بھی فعال کردار ادا کریں گے۔
مزید پڑھیں: اصل چیلنج تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہے، جنوبی افریقہ سے جیت کے بعد کپتان شان مسعود کا بیان
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری کا مقصد کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا ہے، تاکہ کرکٹ کے تکنیکی اور آپریشنل معاملات میں میدان اور دفتر کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
واضح رہے کہ عثمان واہلہ طویل عرصے سے پی سی بی کے ساتھ منسلک تھے اور انہوں نے متعدد بین الاقوامی سیریز، ورلڈ کپ اور آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے امور سنبھالے تھے۔













