لاہور میں پولیس کی جانب سے پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہری پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرہ شہری خواجہ ذیشان کے مطابق، 24 اکتوبر کو ٹبی سٹی کے علاقے میں 3 پولیس اہلکاروں نے اُسے روکا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ مارپیٹ کے نتیجے میں اُس کا چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں پر بھی زخم آئے۔ تشدد مبینہ طور پر ناکے پر نہ رُکنے پر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور: وکلا نے 2 ملزمان کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنادیا، پولیس خاموش تماشائی
خواجہ ذیشان کے مطابق، تشدد کے بعد اہلکار اُسے تھانہ بھاٹی گیٹ لے گئے جہاں اُس کا موبائل فون اور گاڑی کی چابیاں چھین لی گئیں۔ بعد ازاں اُس کی بھانجی اور اُن کے شوہر تھانے پہنچے اور ضمانت پر خلاصی کرائی۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے گاڑی سے 3 ہزار آسٹریلوی ڈالر بھی چُرا لیے۔
خواجہ ذیشان نے تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تھانہ ٹبی سٹی میں درخواست دائر کردی ہے، جبکہ ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔














