اسلام آباد میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ اور چھٹی کی درخواست منظر عام پر آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے بیماری کے باعث 3 دن کی طبی رخصت کی درخواست دی تھی، تاہم ان کی چھٹی منظور نہیں کی گئی، اسی وجہ سے وہ ڈیوٹی پر موجود تھے۔
اسلام آباد ایس پی عدیل اکبر کی جانب سے چھٹی کی درخواست منظر عام پر آگئی ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق چھٹی مانگی ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا تھا ڈاکٹرز نے عدیل اکبر کو تین روز کے بیڈ ریسٹ کا کہا 20 سے 22 چھٹی کی تحریری درخواست دی تھی اعلیٰ افسر کی جانب سے مثبت جواب نہ دیا گیا۔ pic.twitter.com/74Ioy9AP0L
— Adil Tanoli (@adiltanoli99) October 25, 2025
میڈیکل رپورٹ کے مطابق عدیل اکبر کا ڈینگی ٹیسٹ 20 اکتوبر کو مثبت آیا تھا اور ڈاکٹرز نے انہیں 3 دن تک مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے بیماری کے باعث اپنی رخصت کی درخواست ڈی آئی جی اسلام آباد کو ارسال کی تھی، جبکہ طبی رخصت سے متعلق اطلاع اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو بھی دی گئی تھی۔
درخواست میں ایس پی عدیل اکبر نے استدعا کی تھی کہ انہیں 20 سے 22 اکتوبر تک طبی بنیادوں پر چھٹی دی جائے تاکہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹی کی منظوری نہ ملنے کے باعث ایس پی عدیل اکبر شدید بخار کے دوران بھی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اہلِ خانہ سے کہا تھا کہ ایس پی عدیل اکبر سے ہتھیار دور رکھیں‘، ماہرِ نفسیات کا انکشاف
واضح رہے کہ ایس پی عدیل اکبر نے 23 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقے سرینا چوک کے قریب اپنی ہی پستول سے خود کو گولی مار لی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی تفتیش پولیس حکام کی جانب سے جاری ہے۔














