لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو مریدکے میں جلسے کی اجازت نہ دینے کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے پی ٹی آٸی کے ضلع شیخوپورہ کے صدرعمر آفتاب ڈھلوں کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ملکی حالات کے پیش نظر جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے، لحاظہ درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے تحریک انصاف کی مریدکے میں جلسہ کرنے سے روکنے کی درخواست واپسی کی استدعا منظور کر لی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں نشاندہی کی گئی تھی کہ تحریک انصاف نے مرید کے میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا اور جلسے کیلئے انتظامیہ کو درخواست دی لیکن تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
درخواست میں بتایا گیا تھا کہ ہرسیاسی جماعت کو اپنا جلسہ کرنے کا آئینی حق ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریک انصاف کو مریدکے میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔