کون بنے گا کراچی کا میئر؟ پیپلز پارٹی میں اختلافات سامنے آگئے

جمعرات 18 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے میئر کے لیے اپنے امیدوار کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور غالب امکان ہے کہ اس حوالے سے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سابق ایڈمنسٹریٹر اور پارٹی رہنما مرتضیٰ وہاب کا نام فائنل کرلیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کے امیدواروں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو اور فریال تالپور نے سینیئر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کرلی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور امیدوار برائے میئر مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی باقائدہ اعلان نہیں ہوا ہے۔

اس حوالے سے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں یہ کہا کہ ’میئر کراچی کے امیدوار اسی ہال میں موجود ہیں‘۔ چوںکہ مرتضیٰ وہاب اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ بیٹھے تھے اس لیے بظاہر لگتا یہی ہے کہ پارٹی نے حتمی امیدوار کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق میئر حیدرآباد کے امیدوار کے لیے کاشف شورو کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔

کسی بھی شہر کے امیدوار برائے میئر کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، نثار کھوڑو

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پارٹی نے کراچی و حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے کسی بھی امیدوار کا نام تاحال فائنل نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کراچی، حیدرآباد و دیگر شہروں کے لیے میئر، چیئرمین ضلع کونسل اور وائس چیئرمین کے لیے چلنے والے ناموں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ بلدیاتی عہدوں کے لیے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں سے متعلق فی الحال مشاورت جاری ہے تاہم کسی بھی امیدوار کا نام فائنل نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ بھر میں مذکورہ عہدوں کے لیے جب پارٹی کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ ہوگا تا اس کا اعلان کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ایم پی اے ارسلان تاج کا ٹوئٹ

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے کہا یے کہ کراچی میں بدترین کریک ڈاؤن کی وجہ بلدیاتی نمائندوں کو حراساں و گرفتار کر کے وفاداریاں تبدیل کرنا ہے۔

‏اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام منتخب بلدیاتی نماندگان کے گھروں پر چھاپے مار کر ان کو یا ان کے اہلخانہ کو گرفتار کیا جارہاہے۔

ارسلان تاج کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس طرح کراچی کا میئر بنانا تھا تو الیکشن کیوں کروائے ؟ موجودہ پی پی نے ضیا دور کو پیچھے چھوڑ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp