سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 مئی کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔ 3 رکنی بینچ 23 مئی کو سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 مئی کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواست عدالت عالیہ نے سماعت کے لیے منظور کر لی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی خصوصی بینچ 23 مئی کو نظر ثانی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر خصوصی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
رجسٹرارآفس سے بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے مقدمے کی سماعت سے متعلق وفاقی حکومت، پرنسپل سیکرٹریز صوبائی صدر، وزیر اعظم، گورنر اور ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کی درخواست پر صوبے میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا جس پرالیکشن کمیشن نے نظرثانی درخواست دائر کررکھی ہے۔
انتخابات ایک ساتھ کرانے کے کیس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال یہ رولنگ دے چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی درخواست قابل سماعت نہیں کیوں کہ کمیشن نے وسائل ملنے پرانتخابات کیلئے آمادگی ظاہرکی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نظرثانی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کوالیکشن کی تاریخ دینے کا اختیارہی نہیں ہے۔