امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر تیسری مدت کے لیے صدارت کی خواہش ظاہر کر دی ہے، حالانکہ امریکی آئین کسی بھی صدر کو دو سے زیادہ مدتیں مکمل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، میں تیسری مدت میں بھی صدارت کرنا پسند کروں گا۔ میرے اعداد و شمار پہلے سے بہتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اپیلز کورٹ: ٹرمپ کا پیدائشی شہریت ختم کرنے کا صدارتی حکم غیر آئینی قرار
ٹرمپ، جو جنوری میں اپنی دوسری مدت کے لیے عہدہ سنبھال چکے ہیں، پہلے بھی جلسوں میں تیسری مدت کے اشارے دیتے رہے ہیں۔ حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے دوران ایک شریک شخص ٹرمپ 2028 کی ٹوپی پہنے دیکھا گیا، جس نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی۔
دوسری جانب ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ امریکی آئین کی 22ویں ترمیم واضح طور پر کسی بھی شخص کو دو سے زیادہ بار صدر بننے سے روکتی ہے۔ مزید برآں، 12ویں ترمیم کے مطابق جو فرد صدر بننے کے لیے نااہل ہو، وہ نائب صدر کے لیے بھی اہل نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کیا صدر ٹرمپ کا بیٹا صدارتی انتخابات لڑسکتا ہے؟ ایرک ٹرمپ نے بتا دیا
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ کچھ حامی انہیں قانونی راستے تلاش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، لیکن وہ خود اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر رہے۔ ان کے بقول، میں نے واقعی اس پر غور نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ اس وقت ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں، جہاں وہ آسیان اور ایپیک سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے دوران عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔














