عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ ملک کے آئین میں یہ لکھ دینا چاہیے کہ وزیرِ خزانہ میمن برادری سے ہو۔
ویڈیو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جو شخص پیسے کو سمجھتا ہو، اس کی قدر کو جانتا ہو، اور جانتا ہو کہ پیسے کو کیسے محفوظ رکھا جاتا ہے اور کیسے خرچ کیا جاتا ہے، یہی ایک وزیرِ خزانہ کا اصل کام ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی تقریباً دس فیصد معیشت میمن برادری کے کنٹرول میں ہے، اور یہ لوگ پیسے کے استعمال اور اس کی حفاظت کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے تبصرے کو مزاحیہ اور حقیقت پر مبنی قرار دیا ہے، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ قومیت اور برادری کی بنیاد پر اس طرح کے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔












