وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اسلام آباد پولیس کے وفات پانے والے افسر ایس پی عدیل اکبر کے اہلِخانہ سے اظہارِ تعزیت کے لیے کامونکی میں ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
وزیرِ داخلہ نے ایس پی عدیل اکبر کے والد، بھائی اور دیگر اہلِخانہ سے ملاقات کی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

مزید پڑھیں: خود کشی کرنے والے ایس پی عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ اور چھٹی کی درخواست منظر عام پر
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس کا قیمتی اثاثہ تھے۔ وہ انتہائی قابل، محنتی اور فرض شناس افسر تھے جن کی ناگہانی وفات سے انہیں دلی صدمہ پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر کی خودکشی،’ آخری کال ریکارڈ چیک کرنا چاہیے‘

وزیرِ داخلہ کے ہمراہ ڈی آئی جی عتیق طاہر، ڈی آئی جی جواد طارق اور ڈی آئی جی ہارون جوئیہ سمیت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔













