وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرس نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پنجاب میں جاری ترقیاتی رفتار کو سراہا اور ای بزنس پراجیکٹ کو سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کیا ہدایات دیں؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں گرمجوشی خوش آئند ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ امریکا باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
وزیراعلیٰ نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب سیاحت، ثقافت اور معیشت کے فروغ کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے۔














