پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بڑھتی ہوئی فضائی کارگو کی مانگ کے پیش نظر سعودی عرب کی ریاض ایئر کے ساتھ کارگو آپریشنز کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور لندن سے کارگو کو ریاض پہنچایا جائے گا، جہاں سے دونوں ایئرلائنز کے نیٹ ورک کے ذریعے سامان کو مختلف حتمی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔ یہ معاہدہ 29 اکتوبر سے نافذ العمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن بحال، 5 سال بعد پہلی پرواز مانچسٹر پہنچ گئی
پی آئی اے کے مطابق یہ کارگو معاہدہ نہ صرف ایئرلائن کے لیے کارگو منزلوں کی تعداد میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ اس سے کارگو آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور فضائی کارگو کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کا برٹش ایئرویز کے ساتھ بھی کارگو معاہدہ موجود ہے جس کے تحت ہر سال تقریباً ایک ہزار ٹن سامان برطانیہ منتقل کیا جاتا ہے۔
قومی ایئرلائن پاکستان سمیت دیگر ممالک سے کارگو بزنس بڑھانے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔














