5 سال کی معطلی کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے جس کے بعد پہلی پرواز مانچسٹر پہنچ گئی۔
اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی براہِ راست پرواز آج دن 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوئی جو 5 گھنٹے کی براہ راست پرواز کے بعد مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر میں لینڈ کر گئی۔ اس موقع پر ایئرپورٹ پر موجود پاکستانیوں نے مسافروں کا استقبال کیا اور نعرے لگائے۔؎
یہ بھی پڑھیے: پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن 5 سال بعد بحال، مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان سے برطانیہ کے لیے پروازوں کے دوبارہ آغاز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر اور سیکرٹری دفاع سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے روٹس دوبارہ بحال ہونا ایک تاریخی موقع ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو مالی نقصان ہوا، تاہم ادارے کا معیار اب بہتر کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلائٹ آپریشن کی بحالی میں برطانوی ہائی کمشنر کا کلیدی کردار رہا۔
پروازوں کا شیڈول
پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 اسلام آباد سے ہفتے اور منگل کے روز مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگی۔ بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے 273 مسافر مانچسٹر جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے کی نجکاری میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟
پرواز برطانوی وقت کے مطابق شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی اور واپسی پر شام 7 بجے روانہ ہو کر صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
پی آئی اے آئندہ مرحلے میں لندن کے لیے پروازوں کا آغاز بھی کرے گی۔














