ضلع جامشورو کی تحصیل تھانو بُلا خان کی یونین کونسل مول میں ڈائریا کی وبا پھیلنے سے 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق وبا کی بنیادی وجہ آلودہ پانی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 17 اکتوبر سے اموات کی اطلاعات آنا شروع ہوئیں، جن میں سے 7 اموات گوٹھ فیض محمد برو جبکہ 2 اموات قریبی دیہات سے رپورٹ ہوئیں۔ محکمہ صحت جامشورو کے ڈی ایچ او ڈاکٹر پیر منظور نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں طبی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 24 نئے کیسز، زیر علاج مریضوں کی تعداد 64 ہوگئی
اسسٹنٹ کمشنر تھانو بُلا خان کے مطابق متاثرہ دیہات کو ٹینکرز کے ذریعے عارضی بنیادوں پر صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم مسئلے کا مستقل حل آر او پلانٹس کی تنصیب ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں صرف ایک ڈسپینسری موجود ہے جبکہ قریبی سرکاری اسپتال دور ہونے کے باعث عوام کو بروقت طبی سہولیات میسر نہیں۔ بیشتر لوگ بیماری کی صورت میں دیسی علاج پر انحصار کرتے ہیں جس سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ابال کر پانی پئیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔














