وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں کابینہ کی تشکیل، عمران خان نے سہیل آفریدی کو اہم پیغام پہنچا دیا
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعلی کو بانی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا حکم دیا تھا، تاہم جیل انتظامیہ نے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے حصول کے لیے درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہے، تاہم اب تک تصدیق شدہ کاپی نہیں مل سکی۔
وزیراعلیٰ نے خط میں مؤقف اختیار کیاکہ توہین عدالت کا کیس جمع کرانے کے لیے ہمیں حکم نامے کی تصدیق شدہ کاپی فراہم کی جائے۔ ہمیں قانون کی پاسداری کے لیے کیس کو آگے بڑھانے کی خاطر حکم نامے کی کاپی درکار ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کئی بار عمران خان سے ملاقات کی کوشش کی تاہم جیل حکام نے انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی۔
مزید پڑھیں: ’تیار رہیں تاکہ عمران خان کو جیل سے نکالا جاسکے‘، سہیل آفریدی کا چارسدہ جلسے سے خطاب
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان ان کے لیڈر ہیں، اور وہ کابینہ کی تشکیل سے قبل ان سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ملاقات کی اجازت دی جائے۔














