جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں نامعلوم مسلح افراد نے گورنمنٹ ہائی اسکول کراباغ کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔
اس واقعے نے علاقے میں تعلیم کے مستقبل پر گہرے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، واقعے سے قبل مسلح عناصر نے اعلان کیا تھا کہ اسکول کی عمارت ختم کی جا رہی ہے اور اس کا تمام سامان مالِ غنیمت سمجھ کر اٹھایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان میں 90 فیصد سرکاری اسکول بند
اس اعلان کے بعد متعدد افراد نے زیرِ تعمیر عمارت کا سامان، ٹی آئرن، گاڈر، دروازے، کھڑکیاں اور دیگر قیمتی اشیا موقع سے اٹھا لیں۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح تنظیم کی جانب سے اسکول کی تباہی کا واضح اعلان کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، علاقہ مکینوں نے اسکول کے کمروں کی چھتیں گرادیں اور تعمیراتی مواد اپنے ساتھ لے گئے۔

ڈی پی او جنوبی وزیرستان محمد طاہر شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ اسکول کی عمارت حکومت کی ملکیت ہے اور کسی کو اسے گرانے یا سامان اٹھانے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، اسکول کی عمارت رات کے وقت اچانک گرادی گئی اور ملبہ سمیت سامان لے جایا گیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:جنوبی وزیرستان کے کمسن مارشل آرٹسٹ سفیان محسود کا کارنامہ، گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ اسکول سینکڑوں طلبا کے لیے تعلیم کا واحد ذریعہ تھا اور ماضی میں بھی اسے دھماکوں اور حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
اعظم ورسک کے ایک بزرگ شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو اسی اسکول میں پڑھنے کے لیے بھیجا تھا، مگر اب عمارت مسمار کر دی گئی ہے۔
’ہمارے بچوں کا مستقبل تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔‘

ذرائع کے مطابق، کالعدم تنظیم کو خدشہ تھا کہ اسکول کی عمارت کو سیکیورٹی فورسز عارضی چیک پوسٹ یا قلعہ کے طور پر استعمال نہ کریں، اسی وجہ سے یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تاہم محکمہ تعلیم کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
علاقہ مکینوں اور سماجی تنظیموں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کی تباہی نہ صرف حکومت کی رٹ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ علاقے کو تعلیمی پسماندگی کی گہری کھائی میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔














