بحریہ ٹاؤن کی ایک اور قیمتی جائیداد ’کلب روڈ پراپرٹی‘ بھی کامیاب نیلامی کے بعد فروخت کردی گئی ہے۔ اس نیلامی میں میڈیا آؤٹ لیٹ آزاد ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و معروف قانون دان ایڈووکیٹ مصور عباسی نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
بدھ کے روز ہونے والی نیلامی میں بحریہ ٹاؤن کی کلب روڈ پر واقع جائیداد 2 ارب 5 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی، جسے آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او مصور عباسی نے حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کے شاپنگ مال کی نیلامی کا حکم واپس، عدالت نے کیس نمٹادیا
نیلامی کے دوران کئی معروف سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات نے حصہ لیا، تاہم سخت مقابلے کے بعد سب سے زیادہ بولی لگا کر مصور عباسی نے یہ اہم جائیداد اپنے نام کر لی۔
کلب روڈ کی یہ پراپرٹی اپنی جدید تعمیر، مرکزی محل وقوع اور کاروباری اہمیت کے باعث سرمایہ کاروں کی خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ بحریہ ٹاؤن کی جانب سے نیلامی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا، جس کی شرکا نے تعریف کی۔
جائیداد حاصل کرنے کے بعد مصور عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سرمایہ کاری آزاد ڈیجیٹل کے بزنس ایکسپینشن پلان کا اہم حصہ ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ایک دوسرے سے جوڑ کر جدید کاروباری ماڈلز کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بحریہ ٹاؤن کی نیلامیاں نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہیں بلکہ ملکی معیشت میں شفاف کاروباری رجحانات کو بھی فروغ دے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بحریہ ٹاؤن کی روبیش مارکی کی نیلامی میں بھی مصور عباسی نے کامیابی حاصل کی تھی، جو ان کی بڑھتی ہوئی کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب بحریہ ٹاؤن میں سرمایہ لگانے اور رہائش اختیار کرنے والوں کا کیا ہوگا؟ نیب نے واضح کردیا
بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید جائیدادیں بھی نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاروں کو محفوظ، شفاف اور پائیدار سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔














