سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ قومی ہیروز کی یادگاروں، تصاویر اور مجسموں کی بے حرمتی کی گئی، قیمتی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، اس موجودہ انتشار کا ذمہ دار عمران خان ہے جس نے کشمیر کا سودا کیا احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کیں۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں آرمی ایکٹ اور سیکرٹ سروس ایکٹ کے تحت کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کی۔ اعلیٰ عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں تو تخریب کاروں کی سہولت کاری نا کریں۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی سیاست کو گندا کیا معاشرے کو تقسیم کیا، آرمی ایکٹ اور سیکرٹ سروس ایکٹ کے تحت کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں، میں اور ریاست جموں کشمیر کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
راجا فاروق حیدر خان نے کہا جو فوج ہماری حفاظت کر رہی ہے ہم اس کی پشت پر کھڑے ہیں ہندوستان میں شادیانے بجائے جا رہے ہیں، خوشی منائی جا رہی ہے ایسے تمام عناصر کا قلع قمع کیا جائے جو ان واقعات میں ملوث ہیں وہ ناقابل معافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر اور افواج پاکستان سے کہتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستان نے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو ہم افواج پاکستان کے ساتھ ملکر اس کو منہ توڑ جواب دیں گے۔