اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ

جمعہ 19 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس لاہور اور پشاور ریڈیو اسٹیشن سمیت ملک میں قومی سلامتی کے اہم اداروں پر شر پسندوں کے حملے قابل مذمت ہیں اور پوری قوم 9 مئی کے واقعہ پر افسردہ ہے۔

جمعہ کے روز جناح ہاؤس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے 9 مئی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیوں کہ ایسے واقعات سے ملک کی بدنامی اور جگ ہنسائی ہوتی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آپس میں سیاسی اختلافات رکھیں لیکن ملک کو نقصان نہ پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت ملک سے دوستی نہیں اور ہر محب وطن اس کی پر زور مذمت کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ کوئی محب وطن اپنے ملک اور اداروں کے خلاف اس حد تک جا سکتا ہے ان واقعات سے پوری قوم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس واقعہ پر بہت دکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں انہیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے اور ان کو سوچنا چاہیے کہ ان سے کتنا قبیح فعل سر زد ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان افراد کو اللہ اور پوری قوم سے معافی مانگنا چاہیے اور آ ئندہ کے لیے توبہ بھی کرنی چاہیے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 9 مئی کا سیاہ دن ہمیں ہمیشہ اس سانحہ کی یاد دلاتا رہے گا اور ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بڑے ضبط اور صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا ورنہ ملک میں ایسے حالات پیدا ہو جاتے کہ جن کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوتا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی ہمارے پاس امانت ہے اور ہمیں چاہیے کہ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف خود بچیں بلکہ اپنے بچوں کو بھی اس بات کی تلقین کریں کہ کوئی بھی معاملہ ہو جائے اور کتنی بھی کسی کے خلاف نفرت ہو لیکن اپنے وطن سے محبت کرتے رہیں نہ کہ آپس کے اختلافات پر پاکستان کو کوئی نقصان پہنچائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp