ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے 5 ہزار سال قدیم برتن دریافت کیے ہیں جن پر ہار کے نقش و نگار بنے ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت ابتدائی انسانی بستیوں میں خواتین کے نمایاں سماجی کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ماہرین آثار قدیمہ نے یورپ کی سب سے بڑی اجتماعی قبر دریافت کر لی
یہ قدیم برتن یاسی تپے ٹیلے (Yassitepe Mound) سے ملے ہیں، جہاں ایجے یونیورسٹی کی ماہرین کی ٹیم کھدائی کے کام کی قیادت کر رہی ہے۔
خواتین کی علامت اور فنِ کاریگری کا عروج
کھدائی کے سربراہ پروفیسر ظافر درین نے بتایا کہ رواں سال کی تحقیق کے دوران درجنوں نایاب پلیٹیں اور برتن برآمد ہوئے جن پر نہایت نفیس ڈیزائن کندہ ہیں۔
Yer: İzmir! 5 bin yıllık detay hayrete düşürdü https://t.co/455NzlvPmc pic.twitter.com/SdeMf0YPoX
— CNN TÜRK (@cnnturk) November 6, 2025
ان میں سے بیشتر پر ہار اور زیورات جیسے نقوش پائے گئے ہیں، جو اس بات کی علامت ہیں کہ اس دور میں خواتین کو سماجی اور مذہبی طور پر اہم مقام حاصل تھا۔

پروفیسر درین کے مطابق یہ تمام برتن پکی مٹی سے تیار کیے گئے ہیں اور ابتدائی کانسی کے دور (Early Bronze Age) سے تعلق رکھتے ہیں۔ چھوٹے برتنوں پر بھی مختلف سجاوٹی پیٹرن دیکھنے میں آئے ہیں جو اس وقت کے فنکاروں کی باریک کاریگری کی جھلک پیش کرتے ہیں۔
ثقافتی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز
ماہرین کا کہنا ہے کہ یاسی تپے محض رہائشی علاقہ نہیں تھا بلکہ ثقافتی اور تجارتی مرکز بھی تھا، جہاں خواتین نہ صرف گھریلو بلکہ تقریبی اور معاشی سرگرمیوں میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی تھیں۔

یہ دریافت اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ پانچ ہزار سال قبل کی تہذیب میں بھی خواتین سماجی اور روحانی زندگی کے مرکز میں تھیں۔














