یہ وضاحت اس کے بعد سامنے آئی ہے جب خبریں آئیں کہ وہاب ریاض کو پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے تاہم اب پی سی بی نے اس کی تردید کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیف سلیکٹر وہاب ریاض کو بورڈ میں کوئی نئی ذمہ داری یا عہدہ تفویض نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’قومی ٹیم کی کامیابی کے سوا کچھ نہیں چاہتا‘، وہاب ریاض کا نیا بیان سامنے آگیا
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق وہاب ریاض اس وقت پی سی بی کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ منسلک ہیں اور اپنی خدمات اسی حیثیت میں فراہم کر رہے ہیں۔
ترجمان نے میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کی بھی تردید کی جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہاب ریاض کو کسی نئے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ معلومات غلط اور غیر مصدقہ ہیں۔
مزید پڑھیے: بھارتی کرکٹ بورڈ پر اثر و رسوخ کے استعمال کا الزام، گریگ چیپل بھی میدان میں آگئے
پی سی بی کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ بورڈ کی کسی بھی اہم انتظامی یا کرکٹ کمیٹی میں وہاب ریاض کی نئی شمولیت پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض کو حال ہی میں قومی ٹیم کے سلیکشن معاملات سے الگ کیا گیا تھا تاہم بورڈ نے ان کے تجربے اور مشوروں سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں کنسلٹنٹ کے طور پر برقرار رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: تنازعات کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت میچوں کو لازمی قرار دے دیا
پی سی بی نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر بھروسہ نہ کیا جائے اور صرف بورڈ کے باضابطہ اعلامیے کو معتبر سمجھا جائے۔














