وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے صدارتی محل باکو میں ملاقات کی۔ اس موقعے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کوخوبصورت بنانے کے لیے آذر بائیجان اورسی ڈی اے کے درمیان شانداراشتراک
پرائم منسٹر آفس کی ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور آذربائیجان کی حکومت و عوام کو اس تاریخی موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آرمینیا کے خلاف قرہ باغ کی آزادی کی 44 روزہ جنگ میں آذربائیجان کی تاریخی فتح نہ صرف بہادری کی علامت ہے بلکہ خود ارادیت کے حق کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم عوام خصوصاً مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے امید کی ایک روشن کرن ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور سیاسی، تجارتی، توانائی، سرمایہ کاری، روابط اور دفاعی تعاون کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آذربائیجان کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نواز دیا گیا
وزیراعظم نے صدر الہام علییف کو اپنی سہولت کے مطابق دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے صدر نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔
شہباز شریف نے صدر علییف کو آرمینیا کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں دیرپا امن و استحکام کی راہ ہموار کرے گا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
صدر الہام علییف نے قرہ باغ کے علاقے پر غیر قانونی قبضے کے خلاف آذربائیجان کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے جنوبی ایشیا میں علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیے: ترکیہ اور آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کا ساتھ کیوں دیتے ہیں؟
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ باہمی تعاون کو مزید بڑھا کر اسے اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔














