پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش کے ذریعے مقامی عوام کے لیے مقدس سہولت فراہم کی ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں جولائی 2021 میں سپن مسجد فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کے تعاون سے تعمیر کی گئی، جس کا وسیع صحن اور خوبصورت ہال بیک وقت 5 ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جے ایف-17 تھنڈر کی گرج نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ میں جوش بھر دیا
امام مسجد کے مطابق سپن مسجد میں دور دراز علاقوں سے بچے دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے عوام نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی خوبصورت مسجد بنانے کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
پاک فوج نے سابقہ فاٹا کے دیگر علاقوں میں بھی متعدد مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی ہے۔ ضلع باجوڑ میں دہشتگردی سے تباہ شدہ مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی بحالی ایف سی کے پی (نارتھ) نے مکمل کی۔ یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں طلبہ کی درخواست پر جامع مسجد فاروقِ اعظم کی تعمیر اور تزئین و آرائش بھی کی گئی۔

شمالی و جنوبی وزیرستان کے میر علی، سراروغہ، لدھا اور مکین میں متعدد مساجد کی بحالی کے منصوبے بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش سے عوام اور افواج پاکستان کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید فروغ ملا ہے۔













