آرمی میڈیکل کور کی ٹیم نے سروسز ہاسپٹل لاہور کا دورہ کیا، اسپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے دوران زخمی ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس ناصر علی رضوی کی عیادت کی۔ ڈاکٹرز نے ڈی آئی جی کی زخمی آنکھ کا مفصل معائنہ کیا اور ان کے جاری علاج کا جائزہ بھی لیا۔
ٹیم نے ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس ناصر علی رضوی کے علاج کے لیے پاک فوج کے طبی اداروں میں ہر طرح کی ضروری معاونت کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔ خصوصی ٹیم نے ڈی آئی جی اور دیگر پولیس اہلکاروں کی جلدی صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں ہونے والے پر تشدد واقعات میں ڈی آئی جی آپریشنز کی آنکھ بری طرح متاثر ہوئی جس کے بعد سے وہ سروسز ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پتھراؤ سے علی ناصر رضوی کی آنکھ میں اندرونی زخم آیا ہے جس سے ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔