چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آج بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں کی یکجہتی، عزم اور تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ تاریخی اجتماع عالمی سطح پر پارلیمانی تعاون اور مکالمے کی علامت ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت پارلیمان کے احترام اور مکالمے کے فروغ کی عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کے لیے تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ دنیا کے شمالی و جنوبی حصوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا ایک چھت تلے جمع ہونا نئے عہد کی پارلیمانی یکجہتی کی بنیاد ہے۔ کانفرنس کا موضوع ‘امن، سلامتی اور ترقی’ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا پیغام ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے موجودہ عالمی دور میں غیر یقینی صورتحال، تنازعات، ماحولیاتی تبدیلیوں اور معاشی چیلنجز کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ امن ہمارے سامنے بکھرتا جا رہا ہے، جیسا کہ غزہ، سوڈان اور مقبوضہ کشمیر میں دیکھا جا رہا ہے، پارلیمان کو دنیا کے بٹے ہوئے نظام کو جوڑنے والی روشنی بننا ہوگا اور مکالمہ ہمارا پل، تعاون ہمارا راستہ ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے: سہ فریقی اسپیکرز اجلاس سے عوام کو کیا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ امن، سلامتی اور ترقی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، اور سلامتی کا مفہوم اب صرف سرحدوں کے دفاع تک محدود نہیں رہا۔ ماحولیاتی استحکام، خوراک، پانی اور ڈیجیٹل تحفظ اب سلامتی کے نئے عناصر ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شمالی و جنوبی دنیا کے درمیان اشتراک وقت کی ضرورت ہے اور پائیدار ترقی باہمی و مربوط کوششوں سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پارلیمان دنیا میں امن و ترقی کے ناظر نہیں بلکہ اعتماد کے معمار ہیں۔
آخر میں انہوں نے تمام مندوبین کے لیے کامیاب قیام و کانفرنس کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع امید، اتحاد اور قیادت کے نئے باب کے طور پر یادگار ہونا چاہیے۔













