سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ سینکڑوں طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں ایک خودکش بمبار اور 4 دیگر دہشتگرد ہلاک کردیے گئے جس کے بعد آپریشن حتمی انجام کو پہنچ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد کئی گھنٹوں تک کالج کے اندر ایک عمارت میں محصور تھے، دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد کلیئرنس جاری ہے، آپریشن میں کسی بھی طالب علم یا عملے کو نقصان نہیں پہنچا۔
11 نومبر 2025، کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان
کیڈٹ کالج وانا میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ۔ سیکورٹی ذرائع
اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے گا- ذرائع
آخری خوارج کو جہنم واصل کرنے تک سیکورٹی آپریشن جاری رہے گا ۔ سیکورٹی ذرائع… pic.twitter.com/LPBfZL7eWB
— PTV News (@PTVNewsOfficial) November 11, 2025
واضح رہے کہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری رکھا تھا۔
اس سے قبل کالج کی عمارت سے ریسکیو کیے گئے طلبا کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا تمام طلبا محفوظ ہیں۔
طلبا کے مطابق کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا اور بہادری سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔
دہشتگرد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں، کیڈٹ کی گفتگو
کالج کے ایک طالب علم نے کہاکہ میں 12ویں جماعت کا طالب علم ہوں اور وزیرستان کے ایک عام خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے یہ کیڈٹ کالج ہمارے لیے بنایا تاکہ ہم تعلیم حاصل کرسکیں، امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔ یہ بزدل دہشتگرد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں اور یہ اپنے شیطانی نظریات ان پر مسلط کریں، ایسے عناصر ہمیشہ ناکام رہیں گے۔
مزید پڑھیں: کیڈٹ کالج وانا کے تمام کیڈٹس محفوظ، ریسکیو کیے گئے طلبا کی ویڈیو سامنے آگئی
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی انتہائی احتیاط اور حکمت عملی کے ساتھ جاری ہے، جبکہ آئی جی فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ (ساؤتھ) خود ذاتی طور پر اس آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔














