اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، اسپیشل سیکریٹری سید شمعون ہاشمی اور سیکرٹری آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری بشارت حسین بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں:اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سے متعلق کیا رولنگ دی؟
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی تعاون، قانون ساز اداروں کے مابین روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کے درمیان قریبی تعلقات جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی نمائندگی کے مؤثر کردار کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں نیا باب رقم، پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان اسپیکرز اجلاس اختتام پذیر
سردار ایاز صادق نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط بڑھانے سے دونوں اداروں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
’کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے جذباتی اور نظریاتی رشتے پر فخر کرتے ہیں‘
اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے اسپیکر قومی اسمبلی کے جذبے اور کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کی آواز رہی ہے، کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے جذباتی اور نظریاتی رشتے پر فخر کرتے ہیں۔
دونوں اسپیکرز نے پارلیمانی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی خوشحالی، ترقی اور پائیدار امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔














