ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کے داخلے کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
اب ہیوی ٹریفک کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت صرف رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگی، جب کہ دن کے اوقات میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہین چوک انڈر پاس کی تعمیر، اسلام آباد پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تمام بس اڈہ مالکان اور منیجران کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی مقررہ اڈوں کے علاوہ کسی اور جگہ مسافروں کو نہیں بٹھا یا اتار سکے گی، جبکہ بس مالکان مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے بغیر سوار نہیں کریں گے۔
سامان بردار گاڑیوں (ٹرکوں) کے مالکان و منیجران کے ساتھ بھی اجلاس کیے جائیں گے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام لوڈ شدہ گاڑیاں صرف مقررہ مقامات پر ہی خالی کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسر نے گولی مار کر اپنی جان لے لی
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔














