وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا جہاں آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساوتھ میجر جنرل مہر عمر خان نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور تمام کیڈٹس و اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے: کیڈٹ کالج وانا میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری، طلبا اور عملے کو نکالا جا رہا ہے، ذرائع
محسن نقوی نے کالج کے طلبا اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور جذبے کی تعریف کی۔ انہیں خوارجیوں کے حملے کی تفصیلات اور پاک فوج و ایف سی کی جانب سے کیے جانے والے کامیاب ریسکیو آپریشن پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیر داخلہ نے پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اصل میں دہشت گرد بھی نہیں، یہ درندے ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ کوئی بھی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، ان درندوں کا کوئی مذہب نہیں۔ ان کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت نکال کر بہادری اور پروفیشنل ازم کی شاندار مثال قائم کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن کا منصوبہ سانحہ اے پی ایس جیسی کارروائی دہرانا تھا، تاہم دلیر جوانوں نے حملہ ناکام بنا کر خوارجیوں کو جہنم واصل کیا اور سازش کو پوری طرح خاک میں ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیے: کیڈٹ کالج وانا پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، شواہد مل گئے
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ طلباء کو معیاری اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ تمام طلباء کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے افسر و جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں، جن پر پاکستان کو فخر ہے۔














