عثمان ترکئی اور آفتاب صدیقی نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا

اتوار 21 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ترکئی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قابل مذمت ہیں جس کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ہم تحریک انصاف کےساتھ مزید نہیں چل سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کا لائحہ عمل اپنے دوستوں کی مشاورت کے بعد سامنے لاؤں گا۔ ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے مگر 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی حمایت نہیں کر سکتے اسی لیے ہم نے 20 مئی کے روز افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا بھی انعقاد کیا۔

یہ بھی پڑھیں وی ایکسکلوسیو: فواد چوہدری پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے، شاہد خاقان نئی پارٹی بنائیں گے، بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز

عثمان خان ترکئی نے کہا کہ میں آئندہ الیکشن تحریک انصاف کے ٹکٹ سے نہیں لڑوں گا اس لیے تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 2015 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ میرا تعلق کرنل شیر خان شہید کے گاؤں سے ہے۔

سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کر رہا ہوں: آفتاب صدیقی

دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ میں پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہ رہا تھا مگر ایسا نہ ہو سکا۔ میں نے تحریک انصاف کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا اور اب سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کر رہا ہوں لیکن انفرادی طور پر ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج کے دوران فوجی تنصیبات اور دیگر ملکی املاک پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی گئی تھی جس کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی کو چھوڑ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں 9مئی کے واقعات پر عامر کیانی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی، سیاست سے بھی دستبردار

اس سے قبل کراچی سے ایم این اے محمود مولوی، عامر محمود کیانی، اقبال وزیر، ہشام انعام اللہ، اجمل وزیر، سندھ اسمبلی میں 2 ارکان ڈاکٹر سنجے گنگوانی، کریم گبول اور بلوچستان اسمبلی میں سابق وزیر مبین خلجی پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ مزید کئی رہنما بھی جماعت کو چھوڑنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp