وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیصل راٹھور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران کامیابیوں کی دعا گو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لیے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں موجود ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی تاکہ اس علاقے کی عوام کو بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔














