معروف اینکر شاہزیب خانزادہ کو ہراساں کرنے والے شخص کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہراساں کرنے والے شخص کا سراغ لگا لیا ہے، ملزم گجرانوالہ سے تعلق رکھتا ہے اور کینیڈا میں بطور ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کام کرتا ہے
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں لوگ مشتعل ہیں اور وہ اس شخص کے گھر جانا چاہتے تھے لیکن ہم نے انہیں روکا کہ یہ سلسلہ ٹھیک نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد بھٹی پی ٹی آئی کا رکن ہے۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مثال قائم کریں گے۔
شاہ زیب خانزادہ کو ہراساں کرنے والے شخص کا سراغ لگا لیا ہے، تعلق گجرانوالہ سے ہے، کینڈا میں ریئل اسٹیٹ ایجنٹ اور پی ٹی آئی کے رکن ہیں، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔۔ مثال قائم کریں گے۔۔ گوجرانوالہ میں لوگ مشتعل ہیں اور اس شخص کے گھر جانا چاہتے تھے ہم نے روکا کہ یہ… pic.twitter.com/mCuz4wJ5Lo
— Asma Shirazi (@asmashirazi) November 18, 2025
وفاقی وزیر اطلاعات کے اس بیان پر شاہد بھٹی نے کہا کہ عطا تارڑ نے جو کرنا ہے کر لے۔ میں ان کو جانتا ہوں کہ یہ کون ہے، یہ خاندانی چور ہیں مجھے ان کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا جیسے حسینہ واجد عبرت کا نشان بنی ہے ویسے ہی یہ بنیں گے انہیں سڑکوں پر گھسیٹا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہزیب خانزادہ کے ساتھ بدتمیزی کیوں کی؟ ویڈیو بنانے والے شاہد بھٹی نے پہلی بار ساری کہانی بیان کردی
واضح رہے کہ معروف اینکر پرسن شاہزیب خانزادہ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے چاہنے والوں کی جانب سے بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص شاہزیب خانزادہ کو کہہ رہا ہے کہ آپ نے عمران خان کے خلاف جو کیا اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہزیب خانزادہ کے بعد طلعت حسین کو بھی ہراسانی کا سامنا، انہوں نے کیا کارروائی کی؟
شاہزیب خانزادہ کے ساتھ بدتمیزی کرنے والا شخص مزید کہتا ہے کہ عمران خان کی بیوی بشریٰ بی بی کے ساتھ بھی آپ لوگوں نے جو کچھ کیا اس پر بھی شرم محسوس کرنی چاہیے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سینیئر صحافیوں سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شاہزیب خانزادہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی۔














