راولپنڈی میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے گرین انیشی ایٹیو کے تحت الیکٹرو بس سروس کا آج باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ یہ جدید اور ماحول دوست سروس شہریوں کو آرام دہ، پرسکون اور کم خرچ سفر فراہم کرے گی۔
انتظامیہ کے مطابق الیکٹرو بس سروس کے ساتھ ایک موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے مسافر بآسانی روٹس کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں، اپنی ٹریول کارڈ ریچارج کر سکتے ہیں اور سروس سے متعلق دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں بسیں درج ذیل 4 اہم روٹس پر چلائی گئی ہیں:
فوارہ چوک سے کورال چوک، صدر سے نونہال کالونی، مریڑ چوک سے موٹر وے چوک اور صدر سے قبرستان چوک تک۔
سروس کے آغاز پر شہریوں نے ملا جلا ردِعمل دیا ہے، تاہم اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ الیکٹرو بسیں ایک بہترین اقدام ہیں جو مہنگائی کے دور میں سستا سفر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آلودگی میں کمی میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
بعض مسافروں نے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں روٹس کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں بسوں کی تعداد بڑھانے اور مزید علاقوں کو اس جدید سروس سے منسلک کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہر میں ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ صاف اور ہرا بھرا پنجاب کے وژن کو بھی تقویت دے گا۔











